امتحان میں ناکامی کا خوف، مصری طالبہ نے خود کشی کر لی

 

قاہرہ:مصرمیں ایک لڑکی نے میٹرک کے امتحان میں ناکامی کے خوف سے عمارت سے کود کر خود کشی کرلی۔غیر ملکی ٹی وی کے مطابق سکندریہ شہر میں میٹرک کی طالبہ نے کثیرالمنزلہ عمارت کی پانچویں منزل سے کود کو اپنی جان لے لی۔جس عمارت میں لڑکی نے خود کشی کی اسی میں امتحانی مرکز قائم کیا گیا تھا اور اس کی خود کشی سے2 گھنٹے کے بعد امتحانات شروع ہونا تھے۔خود کشی کرنے والی لڑکی کی شناخت’’یارا یاسر محمد ‘‘کے نام سے کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ امتحان کی آمد پر تیاری نہ ہونے کے باعث سخت اعصابی اور نفسیاتی دباو کا شکار تھی اور اسے اپنی ناکامی کا ڈر تھا۔ اس نے امتحان میں ناکامی کے خوف سے مغربی سکندریہ میں الھانوفیل کے مقام پر ایک عمارت سے کود کو خود اپنی زندگی ختم کردی۔

رپورٹ کے مطابق لڑکی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔لڑکی کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بیٹی میٹرک کے امتحان کے لیے تیار نہیں تھی اور اس کی موت کی وجہ امتحان میں ناکامی کا خوف تھا۔