گجرات: مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ صاف پانی تو ملا نہیں لیکن شہبازشریف کا ٹبر صوبائی خزانے کی صفائی ضرور کر گیا ہے، بھارت کی آبی جارحیت کا واحد جواب کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہے،شہبازشریف کی حکومت ختم ہوتے ہی ان کی کرپشن کے پول کھل گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم کالاباغ ڈیم نہیں بنا رہے جو کہ پاکستان کو سرسبز بنانے، سستی بجلی اور وافر پانی کی فراہمی کا ضامن ہے، کالا باغ ڈیم سے نہ صرف تین روپے فی یونٹ سے بھی کم قیمت میں بجلی ملے گی بلکہ تھر اور چولستان کے بنجر علاقے لہلہاتے کھیتوں میں تبدیل ہو جائیں گے، ڈیم کی تعمیر سے چاروں صوبوں کو فائدہ ہو گا اور آبپاشی کیلئے سب سے زیادہ پانی صوبہ سندھ کو ملے گااور سیلاب سے ملک بھر میں ہونے والی تباہی سے بھی نجات ملے گی۔