لاہور: تحریک انصاف کے سینئر رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کرپشن کا جواب پی ٹی آئی کو نہیں نیب اور سپریم کورٹ کو دینا ہے، ان کی پریس کانفرنس دیوانے کا خواب تھی۔ تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ نے اپنے چار ادوار حکومت میں نئے ڈیم نہ بنا کر بھارت دوستی کا ثبوت دیا، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ جن منصوبوں کا وہ کریڈٹ لینا چاہتے ہیں وہ درحقیقت ان کی کرپشن سے لتھڑی ہوئی داستانیں ہیں جن سے ہر کوئی آگاہ ہو چکا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہاکہ دوسری طرف نواز لیگ کی شہہ پر عمران خان کی کردار کشی کیلئے شائع ہونے والی کتاب چائے کی پیالی میں طوفان مچانے کی کوشش ہے،عمران خان کا ماضی اور حال قوم کے سامنے ہے، قومی ہیرو کی ساکھ خراب کرنے والوں کو پہلے کی طرح اس بار بھی منہ کی کھانا پڑے گی۔ بینظیر بھٹو کی مخالفت میں اخلاقی حدود پار کر جانے والوں نے نیا پلان رائیونڈ میں بیٹھ کر تیار کیا، کتاب پراپیگنڈا مہم کے پیچھے وہی سازشی عناصر ہیں جو ماضی میں اقتدار کیلئے مینڈیٹ کا بیوپار کرتے رہے ہیں۔