کراچی:محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے خلیفہ چہارم سیدنا حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، بزرگ، خواتین، بچے اور صحافی ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، ڈبل سواری پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، دونوں شہروں میں پابندی صرف 6 جون 21 رمضان کو یوم علیؓ کے لیے عائد کی گئی ہے ،محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی حیدرآباد نے دونوں شہروں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی تھی۔