فیوگو نامی آتش فشاں پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 75 ہوگئی

ال روڈیو: میکسیکو کے جنوب میں واقع لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا میں فیوگو نامی آتش فشاں پھٹنے سے تباہی پھیل گئی۔ آتش فشاں پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 75 ہوگئی ہے جبکہ 192 افراد لاپتہ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آتش فشاں پھٹنے سے متاثرہ علاقہ دھول سے اٹ گیا ۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے میں ملبہ ہٹا کر لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے جبکہ ہزاروں افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
گوئٹے مالا میں 1974 کے بعد سے اب تک آتش فشاں پھٹنے کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے، فیوگو نامی یہ آتش فشاں رواں برس دوسری مرتبہ پھٹا۔ جس کے نتیجے میں آتش فشاں سے پتھریلے لاوے کا اخراج ہوا۔
آتش فشاں کے لاوے نے اِل روڈیو نامی گاؤں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا اور گھروں میں موجود لوگوں کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔ آتش فشاں پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 75 ہوگئی ہے جبکہ 192 افراد لاپتہ ہیں۔
آتش فشاں پھٹنے سے راکھ اور دھویں کے بادل فضا میں 10 کلومیٹر تک گئے تھے، جس کے بعد ماہرین نے کہا تھا کہ مستقبل قریب میں مزید لاوا پھٹنے کے امکانات نہیں، تاہم منگل کو دوبارہ پھٹنے والے آتش فشاں نے سب کو حیران کردیا۔