نیب نے سابق وزرا اعظم کیخلاف تحقیقات کی منظوری دے دی

اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، اجلاس میں چیئرمین نیب نےسابق وزرائے اعظم نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر انکوائری کی منظوری دے دی۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں وزرااعظم کے خلاف اختیارات سے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق دونوں شخصیات نے قواعد کے برخلاف من پسند کمپنی کو 15 سال کے لیے ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دیا جس سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں کا نقصان ہوا۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد حیات، سابق جنرل مینیجر کے پی ٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ سید جمشید زیدی اور میسرز کراچی انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دی۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب، متعلقہ سیکریٹریز، چنیوٹ سے سابق ایم پی اے اور رمضان شوگر ملز لمیٹڈ چنیوٹ کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی،نیب اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ ،سابق سیکریٹری کلچر ٹورزم اینڈ اینٹیک ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے افسران و اہلکاروں اوردیگر کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی ہے،اعلامیے میں بتایا گیا کہ ان ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کنٹریکٹ میں توسیع کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو تقریباً 21 ارب روپے کا روپے کا نقصان پہنچا۔
قومی احتساب بیورو کے اعلامیے کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کےاجلاس میں سابق ایم پی اے تحصیل کوٹ ادو جواد کامران کھر اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ،ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق صوبائی وزیر بلوچستان شیخ جعفر خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ عبدالطیف خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دی،
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور عبداللہ خان، سیکریٹری گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی،اس کےعلاوہ ایگزیکٹو بورڈ نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتطامیہ اوردیگرکے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق بورڈ نے سابق صوبائی وزیر برائے جنگلات بلوچستان عبیداللہ بابت اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی،