واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بدھ کو مسلمانوں کے لئے وائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تو دوسری جانب مسلمانوں کی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے بائیکاٹ کیا اور وائٹ ہاؤس کے سامنے مسلم مخالف پالیسیوں پر احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے اعزاز میں بدھ کو افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان سمیت متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، تیونس، عراق، قطر، بحرین، مراکش، الجزائر اور لیبیا کے سفیروں، امریکی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کو ماہ مقدس رمضان کی مبارک باد دی اور کہا کہ آپ سب حاضرین اور دنیا بھرکے مسلمانوں کو رمضان مبارک! مسلمان پورے دن پر محیط روزے کے اختتام پر افطار کرتے ہیں جو ماہ مبارک رمضان کے دوران روحانیت کی عکاسی کرتا ہے۔
تاہم صدر ٹرمپ کے اس افطار عشائیہ کا مسلمانوں کی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے بائیکاٹ کیا اور وائٹ ہاوس کے سامنے مسلم مخالف پالیسیوں پر احتجاج کیا۔ ترجمان کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے کہا کہ ٹرمپ کی مسلمان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے کوئی مسلمان تنظیم افطار ڈنر میں شرکت کرنا نہیں چاہے گی۔
Tags ٹرمپ افطار عشایئے