افغان حکومت کا طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان

کابل:افغاں حکومت نے عیدالفطر کے موقع پرایک ہفتے کیلئے طالبان کیساتھ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے تاہم داعش اوردیگردہشت گرد گروپوں کیخلاف افغان فورسز کی کارروائی جاری رہے گی۔

جنگ بندی کا اطلاق 27 رمضان المبارک سے عید الفطر کے  5 ویں دن تک رہے گا ۔ افغان صدر اشرف غنی کے آفیشل اکاؤنٹ سے اعلان کیا گیا ہے کہ طالبان کیساتھ جنگ بندی 12 جون سے 19 جون تک جاری رہے گی ۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ کیا آیا طالبان نے اس جنگ بندی پررضا مندی ظاہر کردی ہے یا نہیں ؟ ۔ طالبان کے ایک ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جنگ بندی سے متعلق طالبان قیادت کے فیصلے کا انتظار ہے۔

افغان حکومت کا ایہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب چند روز قبل افغان علما ایک اجتماع میں خود کش حملوں کیخلاف فتویٰ دیا گیا تھا ۔ اس فتوے کے فوراً بعد ہی علما کے اس اجتماع کے باہرایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس سے علما سمیت کئی افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی تھی ۔

افغان حکومت نے نہ صرف اس فتوے کی حمایت کی تھی بلکہ جنگ بندی کی تجویز کو بھی سراہا تھا۔