جینیوا: خلیج عدن میں یمن کے ساحل کے قریب غیر قانونی تارکین وطن سے بھری کشتی اونچی لہروں کی زد میں آکر الٹ گئی۔
رپورٹس کے مطابق کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا تو لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں کود پڑے تاہم بیشتر لوگ لائف جیکٹس نا ہونے اور تیراکی سے ناواقفیت کی بنا پر ڈوب گئےڈوبنے سے 46 افراد ہلاک جب کہ 16 لاپتہ ہوگئے،کشتی میں 100 سے زائد افراد تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں 37 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جب کہ لاپتہ افراد کی بھی ہلاکت کا قیاس کیا جارہا ہے، کشتی میں سوار تمام لوگوں کا تعلق افریقی ملک ایتھوپیا سے ہے۔
آپریشن اینڈ ایمرجنسیز کے سربراہ محمد عبدیکر کا کہنا ہے کہ ہر ماہ تقریباً 7 ہزار افراد بہتر مستقبل کے لیے غیر قانونی طریقوں سے خطرناک حالتوں میں سفر کرتے ہیں، جس کے دوران بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔