گرفتاری کا خدشہ،حیدرعباس رضوی ایک دن بعد ہی دبئی چلتے بنے

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما حیدرعباس رضوی کی کینیڈا سے اچانک کراچی آنے کے بعد گرفتاری کے خدشے کے پیش نظرایک دن قیام کرکے دبئی روانہ ہوگئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق حیدرعباس رضوی کو سیاسی طورپر سرگرم ہونے کی اجازت نہیں ملی جبکہ حیدرعباس رضوی کو این اے 243 سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑانے کا فیصلہ ہوا تھا ۔

ذرائع کے مطابق حیدرعباس رضوی کو کراچی سے الیکشن  لڑانے کیلئے کاغذات نامزدگی میں دہری شہریت کا کالم نہ ہونے کا فائدہ اٹھانے کا سوچا گیا تھا جبکہ دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا فیصلہ حیدرعباس رضوی کی آمد کے بعد آیا تاہم ان کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوجانے پر انہیں واپس جانا پڑا۔

دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ حیدرعباس والدہ کی ناسازطبیعت کے باعث وطن واپس آئے، انہوں نے بدھ کی رات والدہ کی عیادت کی اورعیادت کے بعد وہ دبئی روانہ ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی نے کرنا تھی، حیدر عباس رضوی نے نہیں۔

یاد رہے کہ حید رعباس رضوی گذشتہ رات کینیڈا سے واپس کراچی آئے اور ایئرپورٹ سے سیدھے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد پہنچے تھے ۔ ان کی آمد پر بعض حلقوں نے اعتراض بھی اٹھایا تھا ۔