کراچی: ملک میں بارشیں معمول سے کم ہونے کے باعث خشک سالی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں موسم سرما میں جنوری سے مارچ 62 فیصد کم بارشیں ہوئیں جبکہ اپریل اور مئی میں 9.9 فیصد معمول کے مطابق بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کےمطابق جنوری سے مئی کے دوران 44.9 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئی جس کے باعث خشک سالی کا خدشہ ہے تاہم مون سون کی بارشوں سے امید ہے کہ خشک سالی ختم ہوگی۔
شہر قائد میں علی الصبح مختلف علاقوں میں بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنادیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی میں آج بادلوں کا ڈیرہ رہے گا۔ جبکہ سمندری اور مغربی ہوائیں 36 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ڈائریکٹرموسمیات عبدالرشید نے بتایا کہ رمضان کے آخری دنوں میں کراچی کا درجہ حرارت خوشگوار رہے گا، جبکہ ہلکی بارش بھی متوقع ہے۔ آج کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارشوں کی خوش خبری سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون رواں ماہ کے تیسرے ہفتے سے شروع ہو گا، جبکہ آخری ہفتے میں بارشوں کا آغاز ہوجائے گا۔ مون سون بارشوں سے متعلق تفصیلات سے نیشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کوآگاہ کردیا۔
Tags کراچی، بوندا باندی