کابل: افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے رکن اسمبلی فریدون خان مہمند کے گھر پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار کے پولیس چیف غلام ثنائی استنک زئی نے بتایا کہ حملہ آوررکن اسمبلی کے گھر کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔
گورنرننگرہار کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت فریدون خان گھر پر موجود نہیں تھے تاہم وہاں کچھ طلبہ قیام پذیرتھے۔
صوبائی حکومت کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملہ آور نے اس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی کے گیسٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور اس سے قبل کہ وہ خود کش حملہ کرپاتا پولیس نے اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مذکورہ واقعے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو خالی کرالیا اور اس واقعے سے تعلق کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔