لندن:لندن کے میئر صادق خان نے کہاہے کہ شہر میں بڑھتے ہوئے پر تشدد جرائم کا ذمہ دار تو میں ہوسکتا ہوں لیکن اس پر معافی نہیں مانگوں گا کیونکہ پورے ملک میں جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد کا سبب حکومت کی جانب سے پولیس فنڈز میں کٹوتی ہے۔مقامی ریڈیو پر شہریوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے صادق خان کا کہنا تھا کہ بحیثیت میئر، پولیس اور کرائم کمشنر تو میں شہر کے جرائم اور دہشتگردی خطرات کا ذمہ دار ہوسکتا ہوں اور یہ میرے لیے بہت تشویش کی بات ہے،یہ بات مجھے راتوں کو جگائے رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس پر معذرت خواہ نہیں ہوں کیونکہ جرائم پورے ملک میں بڑھ رہے ہیں اور حکومت کو اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ سیکورٹی فورسز کے وسائل میں کمی کا جرائم کی بڑھتی شرح سے گہرا تعلق ہوتا ہے۔