افغانستان میں طالبان کے حملوں میں 36 افغان فوجی جاں بحق

 

کابل:افغانستان میں طالبان کی جانب سے عید الفطر کے دوران جنگ بندی کی حکومتی پیش کش کی منظوری سے قبل مغربی صوبے ہرات اور شمالی صوبے قندوز میں فوجی بیس اور پولیس سینٹر پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں 36 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ افغان فوجی بیس پر حملہ کیا گیا جس کے بعد ہرات کے گورنر کے ترجمان جیلانی فرہاد کا کہنا تھا کہ حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 17 اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع زاول میں ہونے والے تصادم میں طالبان کا بھی جانی نقصان ہوا ہے تاہم انھوں نے کوئی اعداد وشمار فراہم نہیں کیے۔زاول کے گورنر محمد سعید سروری نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے اسحلہ بھی ضبط کرلیا۔
دوسری جانب قندوز میں ایک مرکز پر طالبان کے حملے میں 19 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔قندوز کے صوبائی گورنر کے ترجمان نعمت اللہ تیموری کا کہنا تھا کہ قلعہ زل میں پولیس کے مرکز پر ہونے والے حملے میں 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔صوبائی پولیس کے ترجمان انعام الدین رحمانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 8 طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔