سکھر:پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ،جو اپنی جماعت سے وفادرا نہ ہوئے وہ لوٹے کسی اور سے کیا وفا کریںگے؟ پی ٹی آئی کے سونامی کا پول کھل گیا،تحریک انصاف نے سینئر ورکروں کو نظر انداز کرکے لوٹوں کو ٹکٹیں دیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوری حکومت کا مدت پوری کرنا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہےکہ ملک میں کسی دوسری حکومت نے اپنی مدت پوری کی، پیپلز پارٹی نواز شریف کا ساتھ نہ دیتی تو مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت پوری نہ کر پاتی ۔ یہ سب پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،کسی پر کوئی احسان نہیں کیا ،آئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔