ال روڈیو: گوئٹے مالا میں گزشتہ ہفتے پھٹنے والے آتش فشاں میں 48 سالہ گارسیا کے خاندان کے 50 افراد لاپتہ ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق جس وقت فیوگو نامی یہ آتش فشاں پھٹا، پھل فروش ایوفیمیا گارسیا سودا سلف لینے مارکیٹ گئی ہوئی تھیں ۔ اور اسی وجہ سے وہ بچ گئیں۔
فیوگو آتش فشاں میں گارسیا کی والدہ، بہن بھائی، بچے، پوتے، پوتیاں اور خاندان کے دیگر لوگوں سمیت 50 افراد لاپتہ ہوگئے، جن کی لاشوں کی تلاش وہ اب بھی کررہی ہے۔
مذکورہ خاتون روزانہ کدال اور بیلچہ لے کر ڈینجر زون کی طرف جاتی ہیں جہاں رضاکار اور دیگر خاندان راکھ کو کھود کر اس کے نیچے دبے اپنے گھروں تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو فیوگو آتش فشاں پھٹنے سے کم از کم 110 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس آتش فشاں سے نکلنے والا لاوا، راکھ اور دھواں اس قدر شدید تھا کہ قیاس کیا جارہا ہے کہ 200 سے زائد افراد لاوے تلے دفن ہوچکے ہیں۔
Tags آتش فشاں، 50 افراد لاپتہ