سابق عراقی اسپیکر کا دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ

 

بغداد:عراقی پارلیمان کے سبکدوش ہونے والےا سپیکر سلیم الجبوری نے ملک میں دوبارہ پارلیمان انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کردیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ مطالبہ دارالحکومت بغداد میں بیلٹ باکسز کے ایک گودام میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد کیا ۔اس گودام میں رکھے گئے بیلٹ باکسز میں موجود ووٹ پرچیوں کو دوبارہ گنتی ہونا تھی مگر وہ اس سے پہلے ہی نذر آتش کردیے گئے ہیں۔سلیم الجبوری نے ایک بیان میں کہا کہ الرصافہ میں ایک گودام میں پڑے بیلٹ باکسز کو جلا یا جانا ایک جرم ہے، یہ کارروائی جان بوجھ کر کی گئی ہے۔اس جرم کا باقاعدہ طے شدہ منصوبے سے ارتکاب کیا گیا ہے۔اس کا مقصد عام انتخابات میں فراڈ اور ووٹوں میں ہیر پھیر کی وار دات کو چھپانا تھا تاکہ عراقی عوام کو دھوکا دیا جاسکے اور ان کے انتخاب اور منشا کو تبدیل کیا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ ہم انتخابات کے دوبارہ انعقا د کا مطالبہ کرتے ہیں۔عراقی وزارت داخلہ نے گودام میں آتش زدگی کے اس واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن اس کے بارے میں کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا کہ آیا یہ آگ خود لگی تھی یا یہ کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ ہے لیکن یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب عام انتخابات کے نتائج پر ملک میں پہلے ہی کشیدگی پائی جارہی ہے۔