پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کےمابین دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیم کے چند کھلاڑی آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچز کے بعد کنڈیشنز سے تو واقف ہیں تاہم خود کو مختصر فارمیٹ سے ہم آہنگ کرنا ایک چیلنج ہوگا۔ انجرڈ بابر اعظم کا خلا پُرکرنے والے حارث سہیل پہلے سے ہی انگلینڈ میں موجود تھے۔
پاکستان سے تازہ کمک بھی پہنچ چکی،احمد شہزاد، فخرزمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں،شعیب ملک کا تجربہ بھی ٹیم کے کام آئے گا،فہیم اشرف اورحسین طلعت آل رائونڈ کارکردگی دکھا سکتے ہیں جب کہ جارح مزاج آصف علی بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہونگے۔
اسکاٹ لینڈ کے خلاف ممکنہ قومی ٹیم میں فخر زمان، حسین طلعت، آصف علی، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان خان، محمد عامر یا شاہین آفریدی میں سے کوئی ایک ٹیم کا حصہ ہوگا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے، گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف اسکاٹش ٹیم نے کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی آسان فارمیٹ نہیں، ہم دیکھ چکے ہیں کہ افغانستان نے بنگلادیش کو 0-3 سے شکست دی، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ نمبر ون پوزیشن پر ہیں یا نمبر 8 پر، آپ کو محدود اوور کے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنا ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف واحد ایک روزہ میچ کیلم مکلائڈ کے 140 رنز کی بدولت 371 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 365 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔