امریکااورشمالی کوریاکےصدورکی ملاقات،جوہری پروگرام کے خاتمے کی یقین دہانی

امریکی صدر ٹرمپ اور سربراہ شمالی کوریا کم جونگ ان کے درمیان سنگاپور میں تاریخی ملاقات ہوئی،دونوں سربراہوں نے ملاقات سے قبل خوشگوارموڈ میں مصافحہ کیا اورتصویریں بنوائیں جب کہ ملاقات کے لیے سخت ترین سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔اس تاریخی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پیپلز ری پبلک آف کوریا کے چیئرمین کم جونگ اُن کے درمیان 12 جون 2018 کو سنگاپور میں پہلی اور تاریخی ملاقات ہوئی۔ دونوں حریف رہنماؤں کے درمیان ایک نئے ، مضبوط اور مربوط تعلقات کے لیے جامع، مخلصانہ اور تفصیلی تبادلہ خیال ہوا تاکہ جزیرہ نما کوریا میں پائیدار اور مستحکم امن کے قیام کی بنیاد رکھی جا سکے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ اُن کو شمالی کوریا کی سالمیت کو درپیش خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تحفظ کی ضمانت دی جس کے جواب میں کم جونگ اُن نے امریکی صدر کو جوہری پروگرام کے مکمل خاتمے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ باہمی خوشگوار تعلقات شمالی کوریا اور دنیا کے امن کے لیے نہایت کارگر ثابت ہوں گے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ان چار نکات پر اتفاق کیا۔
1- اپنے اپنے ملک کی عوام کی امنگوں اور خوشحالی کو مد نظر رکھتے ہوئے امن و استحکام کے لیے امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان نے ایک نئے اور مستحکم تعلق کا عزم کیا ہے۔
2- جزیرہ نما کوریا میں پائیدار و مستحکم امن کے قیام کے لیے امریکا اور شمالی کوریا مشترکہ جدوجہد کریں گے۔
3- شمالی کوریا رواں سال 27 اپریل کو جاری ہونے والے اعلامیے پر عمل در آمد کو یقینی بناتے ہوئے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی کارآمد کاوشیں کرے گا۔
4- امریکا اور شمالی کوریا جنگ کے دوران اسیر اور لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کی سنجیدہ کوششیں کریں اور جن کی شناخت ہوجائے انہیں فوراً ملک واپس بھیجا جائے گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ تاریخی ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تناؤ اور دشمنی کو ختم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ طے پانے والے امور پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں گے اور جلد دونوں ممالک کے اہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان سے تاریخی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے میں امریکی صدر نے کہا کہ دورہ سنگاپور خوشگواراوراہم رہا ،آج کا دن تاریخی بنانے پرچین کے شکر گزار ہیں تاہم شمالی کوریا پر پابندیاں جاری رہیں گی ۔ ہمارے درمیان خصوصی تعلقات قائم ہوئے ہیں،کم جونگ ان نے ثابت کیا کہ مثبت تبدیلیاں لا ئی جا سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی مستقبل کی ترجمانی نہیں کرتا ،ہم نئی تاریخ رقم کریں گے ۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ دنیا بہت جلد نئی تبدیلی دیکھے گی۔ جنگ ہر کوئی کرسکتا ہے لیکن امن بہادر لوگ ہی لاسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی کوریا کے سربراہ چاہتے ہیں کہ دنیا کے ساتھ ان کا تعلق قائم ہو۔ صدر ٹرمپ نے اس امید کا بھی اظہارکیا کہ کوریا کا تنازع جلد ختم ہوگا۔ ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار ختم کرنے پراتفاق ہوا ہے،کم جونگ ان بہت قابل، باصلاحیت شخص ہیں، جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ مکمل اور قابل تصدیق ہوگا،کم جونگ ان نے کوریا کوایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کاعزم ظاہرکیا ہے، کم جونگ ان ایک اہم میزائل تجربہ گاہ تباہ کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں ۔

اس موقع پرشمالی کوریا کے سربراہ نے تصدیق کی کہ ایٹمی ٹیسٹنگ سائٹ تباہ کی جارہی ہے ۔