معمرخاتون صرف 2 ہزار روپے کم ہونےپر الیکشن لڑنے سے رہ گئیں

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے حلقوں سے97 سالہ معمرخاتون کے کاغذات نامزدگی صرف دو ہزار روپے کم ہونے کی وجہ سے جمع نہیں ہوسکے۔

معمرخاتون قومی اورصوبائی اسمبلی کے حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی تھیں۔ حضرت بی بی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 89 سے آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے گئیں لیکن ان انتخابات کے لئے فیس میں اضافے کی وجہ سے غریب خاتون مقابلے کی دوڑ میں شامل نہ ہوسکیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی اس نشست پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورجے یو آئی کے رہنما اکرم درانی انتخاب لڑ رہے ہیں۔

معمرخاتون نے زمین بیچی ، کچھ قرض بھی لیا لیکن پھر بھی مطلوبہ رقم حاصل نہ کرسکیں۔

اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کے انتخاب کے لئے 20 ہزار روپے اور قومی اسمبلی کے لیے 30 ہزار روپے فیس مقرر ہے جبکہ ماضی میں یہ دو ہزار روپے اور چار ہزار روپے ہوا کرتی تھی۔

ان فیسوں میں اضافے سے امیرامیدواروں پر تو کوئی اثر نہیں پڑا لیکن بڑی تعداد میں وہ عام اورغریب لوگ جو انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں رقم نہ ہونے کی وجہ سے ان انتخابات میں حصہ لینے سے محروم رہے ہیں۔

معمر خاتون حضرت بی بی کا کہنا ہے کہ وہ علاقے کی خدمت کرنا چاہتی ہیں، اپنے علاقے کے بنیادی مسائل حل کرنا چاہتی ہیں جن میں سڑکوں کی مرمت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں لیکن پیسے نہ ہونے کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑ سکتیں۔

حضرت بی بی کی عمر لگ بھگ 97 برس ہے لیکن یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس سے پہلے بھی انتخابات میں حصہ لے چکی ہیں۔