جوہری ہتھیاروں کے خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔امریکا

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ جب تک شمالی کوریا جوہری تنصیبات کا مکمل خاتمہ نہیں کر لیتا اس وقت تک اس پر عائد پابندیاں برقرار رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اپنے کورین اور جاپانی ہم منصبوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کم جانگ ان کے درمیان ملاقات ایک ’ٹرننگ پوائنٹ‘ تھا۔
تاہم امریکی وزیر خارجہ نے شمالی کورین میڈیا کی جانب سے چلنے والی خبر کی سختی سے تردید کی کہ واشنگٹن کی جانب سے شمالی کوریا کو آہستہ آہستہ رعایت دی جائے گی۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا شمالی کوریا کی مکمل، تصدیق شدہ اور ناقابل واپسی جوہری تنصیبات کے خاتمے کو حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شمالی کوریا پر عائد سخت پابندیاں اس کے جوہری اثاثوں تک برقرار رہیں گی تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جملے کی مکمل وضاحت نہیں کی۔