پاکستان ہر سطح پر امن و استحکام کیلئے کوشاں ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ایسے پاکستان کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔ پاکستان ہر سطح پر امن و استحکام کیلئے کوششیں کر رہا ہے اور خطے میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے ۔علاقائی ممالک کو بھی امن کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔آئی ایس پی آر سے جار ی بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل ڈیفنس یونیور سٹی میں تربیت مکمل کرنے والے افسران کو کورسز کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی ۔ اس مو قع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہپاکستان نے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کردیا ہے اب علاقائی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ باہمی تعاون سے خطے کے وسائل کو استعمال کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد ایسے پاکستان کیلئے ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔ قومی سلامتی پر اثر انداز ہونے والے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ہائبرڈ وار میں قومی عزم نشانہ بنایا جاتا ہے ۔