عید پرکراچی میں موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے عیدالفطر کے دوروز شہر قائدمیں موسم خوشگوار رہنے کی خوشخبری سنادی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہےکہ کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو صبح کے اوقات میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے جب کہ درجہ حرارت کو کم کرنے والی سمندری ہواؤں کی رفتار بھی اچھی رہے گی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہفتے کےروز سے پاکستان میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس سے ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے ہفتہ، اتوار اور پیر کو اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے جب کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔