صوبے پنجاب میں پہلی بار خواجہ سراؤں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب کی سطح پر ہونے والےمختلف کھیلوں کے ان مقابلوں میں خواجہ سرا مختلف کیٹگریز کے مطابق حصہ لے سکیں گے۔
غیرسرکاری تنظیم ایکسپلورنگ فیوچرفاؤنڈیشن (ای ایف ایف ) کے بانی آصف شہزاد نےکےمطابق ہماری سوسائٹی میں جس طرح مردوں اور عورتوں کے کھیلوں کے مقابلے ہوتے ہیں اسی طرح ہم لوگ خواجہ سراؤں کے مقابلے کرواناچاہتے ہیں، تاکہ کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے خواجہ سراؤں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں اورناچ گانے سے ہٹایا جاسکے۔
ای ایف ایف کے زیر اہتمام پنجاب ٹرانس جینڈر اسپورٹس فیسٹیول میں کلمبنگ، سرفنگ، فٹبال، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، ہینڈبال، کرکٹ، سائیکلنگ اور آرچری کے مقابلے ہوں گے، اسپورٹس مقابلوں کے لیے ٹیموں کی رجسٹریشن جولائی میں شروع ہوجائے گی۔
منتظمین کے مطابق کھیلوں کے ان مقابلوں میں ملکی ٹرانس جینڈرکھلاڑیوں کوبھی مہمان کے طورپر مدعوکیا جائے گا تاکہ پاکستانی خواجہ سرا ان کے تجربات سے سیکھ سکیں، ای ایف ایف پُرامید ہے کہ کھیلوں کے ان مقابلوں میں شرکت کے حوالے سے خواجہ سراؤں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
واضح رہے کہ اپنی نوعیت کے ان منفرد مقابلوں کا انعقاد رواں سال ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔