نئی دلی: بھارت کے علاقے گایا میں ایک درجن سے زائد ملزمان نے ایک شخص کے سامنے اس کی 45 سالہ اہلیہ اور14 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر گینگ ریپ کا نشانہ بنایا ہے۔
ٹائمزآف انڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان موٹرسائیکل پرجارہا تھا کہ انہیں 9 افراد پرمشتمل ایک گروہ نے روکا اوران سے 2 ہزار روپے اور جواہرات چھین لئے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزمان نے مرد کو ایک درخت کے ساتھ باندھ دیا جبکہ 3 ملزمان نے اس کے سامنے اس کی بیٹی اوراہلیہ کا گینگ ریپ کیا جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اس سے قبل مذکورہ گروہ نے اسی علاقے سے گزرنے والے 2 موٹر سائیکل سواروں کو بھی لوٹا اور انہیں درخت کے ساتھ باندھ دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 9 میں سے 6 ملزمان ماسک پہنے ہوئے تھے اورمتاثرین نے 2 ملزمان کو شناخت کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔
پولیس نے واقعے کے بعد 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔