فیس بک پرطالبہ کوبلیک میل کرنے والا طالبعلم گرفتار

راولپنڈی: ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے میڈیکل کے طالبعلم کو فیس بک پرلڑکیوں کو دوست بنا کرانہیں ہراساں کرنے اور پیسے مانگنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرسید شاہد حسن نے میڈیا کو بتایا کہ نوشہرہ میڈیکل کالج میں دوسرے سال کے طالبعلم کو اسلام آباد کی یونیورسٹی کی طالبہ کی جانب سے شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے اسے فیس بک پربلیک میل کر رہا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے فیس بک پرکئی جعلی اکاؤنٹس ہیں جن کے ذریعے وہ لڑکیوں کوآن لائن ہراساں اوربلیک میل کرتا ہے۔

ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹرسید شاہد حسن نے کہا کہ لوگ سوشل میڈیا پرلڑکیوں کو دوست بناتے ہیں اوران سے ان کی تصاویرمانگ کرانہیں تبدیل کردیتے ہیں اوربعد میں پیسوں کی خاطر بلیک میل کرتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کئی کیسز ایسے ہیں جن میں لڑکیوں نے ایسی صورتحال کا سامنا کرنے پرخودکشی کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کھیلوں پرآن لائن جوا کھیلنے والے گروپوں کے خلاف بھی چھاپے مار رہی ہے۔ آن لائن جوے میں جیتی یا ہاری گئی رقم غیرقانونی ذرائع سے بھیجی یا وصول کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے دو افراد کو آن لائن کھیلوں پرجوئے میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمان موبائل فون کی ایپلی کیشن اور3 لیپ ٹاپ کے ذریعے جوا کھیل رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 25 موبائل فون بھی بر آمد کئے گئے تھے۔