ماسکو: روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے میچ میں یوروگوئے نے مصر کو ایک صفر سے شکست دے دی ہے۔
مصراور یوروگوائے کی ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کھیل کے 84 ویں منٹ میں یوروگوئے نے گول کرکے برتری حاصل کی جو آخری وقت تک برقراررہی۔
مصرکی ٹیم کا یہ تیسرا ورلڈ کپ ہے ۔ پہلی مرتبہ مصری ٹیم 1990 کے ورلڈ کپ کا حصہ بنی تھی جبکہ یوروگوئے کی ٹیم اپنا 13واں ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری مرتبہ اگست 2006 میں آمنا سامنا ہوا تھا جس میں یوروگوئے نے مصر کو 0-2 سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ گروپ اے میں شامل دیگر دو ٹیموں روس اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ روز ہونے والا ایونٹ کا افتتاحی میچ روس کے نام رہا جس نے مہمان ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی۔
آج کھیلا جانے والا تیسرا اور اہم میچ پرتگال اوراسپین کے مابین کھیلا جائے گا جو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا اور پاکستان میں یہ میچ رات 12 بجے دیکھا جاسکے گا۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ کی مضبوط ٹیمیں سمجھتی جاتی ہیں جو آخری مرتبہ 2010 میں مدمقابل آئیں جس میں اسپین نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔