کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بہادرآباد گروپ کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق فاروق ستار چاند رات کو رات گئے بہادر آباد کے عارضی مرکز پہنچ گئے،اس موقع پر ایم کیو ایم بہادر آباد کروپ کے رہنماوں خالد مقبول صدیقی ، فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔
جس کے بعد بہادر آباد مرکز میں ایم کیوایم کے سینئر رہنماوں کا اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں خالد مقبول صدیقی ،فاروق ستار ، فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر رہنما شریک ہیں،اس سے قبل پی آئی بی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں تقسیم کے خلاف ہوں اس لئے بہادرآباد مرکز جارہا ہوں، ایم کیو ایم کل بھی ایک تھی اور آج بھی ایک رہے گی،ہم یکجا ہو کر انتخابات لڑیں گے،اگر کوئی مسئلہ آرہا ہے تو مجھے ہی حل کرنا ہوگا،میرا مقصد ٹکٹوں کا حصول نہیں بلکہ اس سے بھی بڑا ہے،اس مقصد کے لئے جو کچھ میرے پاس ہے وہ بہادر آباد کو دینے جارہا ہوں،23 اگست کو بھی پارٹی کو بچایا تھا اور آج بھی پہل کررہا ہوں۔