صنعا:یمن میں سعودی اتحادی فوج نے شدید لڑائی کے بعد ساحلی شہرالحدیدہ کے ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ جھڑپوں میں 280 حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بدھ کو اس ہوائی اڈے پر ایک بڑا حملہ کیا تھا ۔ چار روز سے جاری جنگ کے بعد باالاخراتحادی فورسزالحدیدہ ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب ہوگئیں اوردو اطراف سے ہوائی اڈے کی حدود میں داخل ہوگئی ہیں۔
سعودی اتحادی فورسز کے اس آپریشن میں 280 حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔ یمنی فوج نے ہوائی اڈے اوراس کے آس پاس کے علاقے کو بارودی سرنگوں اور دھماکا خیز آلات سے صاف کرنا شروع کردیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق الحدیدہ کا ہوائی اڈہ اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے جو یمن کی دوسری بڑی بندرگاہ الحدیدہ کے قریب واقع ہے جو حوثیوں کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔
اتحادی فورسز نے یمن کے مرکزی ساحلی شہر میں ایئرپورٹ کے داخلی راستے بند کردیئے ہیں۔
دسری جانب اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے لاکھوں زندگیوں کو قحط کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
یاد رہے کہ عرب ریاستوں کے اتحادی حوثی قبائل کو شکست دینے کے لئے 3 سال سے لڑ رہے ہیں۔
حوثیوں کے پاس یمن کے دارالحکومت صنعا، حدیدیہ کی مرکزی بندرگاہ اوربہت سے گنجان آباد علاقوں کا کنٹرول ہے، تاہم حدیدیہ پر حملہ اس طرح کے دفاعی شہر پر قبضے کے لیے اتحادیوں کی پہلی کوشش ہے۔