کابل:افغانستان میں طالبان نے کابل میں غیرمسلح ہوکر شہریوں اورسیکورٹی فورسز کے ساتھ عید منائی۔
افغان میڈیا کے مطابق درجنوں طالبان نے کابل کے مختلف علاقوں میں شہریوں اورسیکورٹی فورسز کے ہمراہ عیدالفطرکی نماز ادا کی۔
طالبان نے عیدگاہوں میں داخلے کے وقت اپنے ہتھیار سیکورٹی فورسز کے پاس جمع کرائے اورادائیگی نماز کے بعد شہریوں کے ساتھ ساتھ افغان سیکورٹی فورسز سے بغل گیرہوئے اوران کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔
کابل پولیس کے ترجمان حشمت استنکزئی نے بتایا ہے کہ طالبان جب نماز عید کے بعد جانے لگے تو ان کے ہتھیار واپس کردیئے گئے۔
سوشل میڈیا پرتصاویراورویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عید کے اس پرمسرت موقع پرشہری اورسیکورٹی اہلکار طالبان سے گرم جوشی سے عید مل رہے ہیں اور وہاں موجود شہری ان مناظر کو اپنے موبائل فونز میں عکس بند کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ افغان صدراشرف غنی نے عیدالفطر کے موقع پرجنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے ردعمل میں طالبان نے بھی سیز فائر کرتے ہوئے عید کے تینوں دن حملے نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔