بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان،مزید 2 کشمیری شہید
اتوار 17 جون 2018, 6:21 شام
      آخری اپ ڈیٹ اتوار 17 جون 2018, 6:23 شام اہم خبریں, بام دنیا
نئی دلی/سرینگر:بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے ۔ دوسری جانب عیدالفطر کے روز بھی بھارتی فوج نے وادی میں بربریت کا مظاہرہ کیا اور 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے رمضان المبارک اورعید کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کیا تھا۔اب راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کیخلاف کارروائیوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
ادھر مقبوضہ کمشیرمیں عیدالفطر کے روز بھی بھارتی فوج نے وادی میں بربریت کا مظاہرہ کیا اور2 کشمیری نوجوانوں کی جان لے لی۔
کشمیر میڈیا سروس کےمطابق عیدالفطر کے پہلے روز سری نگر میں نہتے مظاہرین اور قابض بھارتی فوج کے درمیان تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید اوردرجنوں افراد زخمی ہوگئے تھے۔بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ قابض بھارتی فوج نے اسلام آباد ٹاؤن میں پیلٹ گن کا استعمال کیا اورآنسو گیس کی شیلنگ کی جس سےدرجنوں افراد زخمی ہوگئے۔