کراکس: وینزویلا کے نائٹ کلب میں گریجویشن پارٹی کے درمیان طالب علموں کے دو گروہ میں تصادم کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کے نائٹ کلب میں گریجویشن پارٹی کے دوران طالب علموں کے دو گروہوں کے درمیان معمولی جھگڑے نے تصادم کی شکل اختیار کرلی۔
جھگڑے کے بعد ایک گروہ نے نائٹ کلب میں آنسوگیس کے شیل پھینکے۔ آنسو گیس کے شیل پھٹنے سے 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ ترہلاکتیں دم گھٹنے سے ہوئی ہیں اور ان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔جھگڑے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا اورواقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ پولیس نے اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا ہے۔