نائیجیریا میں 2 خود کش دھماکوں میں31 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقامی انتظامیہ اورملیشیا لیڈر کا کہنا ہے کہ ریاست بورنو کے قصبے ڈامبو میں عیدالفطر کی تقریبات سے واپس آنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا اور2 خود کش دھماکے ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں کی ذمہ دار بوکوحرام ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں نے خود کش دھماکے کے بعد جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے راکٹ بھی فائر کیے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ملیشیا رہنما باباکورا کولو کا کہنا ہے کہ 2 خودکش دھماکے اورراکٹ سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ ترہلاکتیں خود کش دھماکوں کے بعد فائر کیے گئے راکٹ لگنے سے ہوئی ہیں۔
رواں سال یکم مئی کو موبی کے علاقے میں ایک مسجد اور مارکیٹ میں ہوئے دو خود کش دھماکوں میں کم از کم 86 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
نائجیریا کے صدر محمدو بوبارو نے 2015 میں اقتدار سنبھالا تھا تو بوکوحرام کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا لیکن دہشت گرد تنظیم نے اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور عام شہریوں کے علاوہ سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔