اسلام آبا: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی احتساب سب کے لئے کی پالیسی کی بدولت چہرہ نہیں کیس کودیکھنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے نیب کی تشکیل نو کی گئی۔ تمام ڈائریکٹر جنرلزکو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدعنوان عناصر سے کوئی رعایت نہ برتیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں انہوںنے نیب کے تمام رینک کے افسران کوہدایت کی کہ سخت محنت، شفافیت اورمیرٹ کو یقینی بنائیں۔
انھوں نے کہاکہ قومی احتساب بیورونے بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفروروں کو پکڑنے اورآہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ پوری قوم کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے نیب سے امیدیں وابستہ ہیں۔ قومی احتساب بیورو کی بلاامتیازکارروائیوں سے اس کی عزت اور وقار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی کا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ اور عالمی اقتصادی فورم جیسے قومی اورعالمی اداروں نے اعتراف کیاجو کہ نیب کی کوششوں سے پاکستان کے لئے باعث فخر ہے ۔
Tags چیئرمین نیب