واشنگٹن:امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ طالبان امن مذاکرات کا حصہ بنے تو ٹرمپ انتظامیہ طالبان کے ساتھ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی فورسز کے کردار پربات کرسکتی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان کے صدراشرف غنی نے اپنے بیان میں افغان شہریوں اورامن مذاکرات کیلئے عالمی فورسز کے کردار پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مذاکرات کی حمایت، شمولیت اوراس میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب امریکی سفارتکاروں نے زور دیا کہ مذاکرات کے تمام ادوار میں افغان حکومت کی شمولیت لازمی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ افغان حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جنگ بندی کا فیصلہ سامنے آیا تھا جس کے بعد طالبان نے بھی آمادگی کا اظہار کیا تھا۔
عیدالفطر کے موقع پر طالبان اور افغان فوسرز کی بغل گیر ہونے کی تصویریں منظر عام پر آنے کے بعد افغان حکومت نے جنگ بندی میں مزید 10 دن کی توسیع کردی تھی۔
خیال رہے کہ طالبان کا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان سے امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی فورسز کے انخلا کے بغیر امن مذاکرات کی گنجائش موجود نہیں۔
گزشتہ ہفتے طالبان کے رہنما بیت اللہ اخونزادہ نے واشنگٹن پر زور دیا تھا کہ افغان حکومت کو نکال کر طالبان قیادت کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کرے۔