بااثرایرانی شخصیات کا حکومت پر مذاکرات کیلئے شدید دباؤ

تہران:ایران کی 100 سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات شروع کرے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی شخصیات نے ایک مشترکہ بیان میں حکومت سے کہا ہے کہ تہران حکومت جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ غیر مشروط بات چیت کا اعلان کرے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اور محاذ آرائی کی کیفیت کو کم کیا جا سکے۔ان ایرانی شخصیات نے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی مساعی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو بھی شمالی کوریا کا طرز عمل اختیار کرتے ہوئے خطے میں امن کو بچانے، ایران کو درپیش اقتصادی، سماجی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے امریکا کے ساتھ غیر مشروط بات چیت شروع کرنا ہو گی۔