ایران کا فوجی طیارہ اصفہان کے صحرائی علاقے میں گرکر تباہ

تہران:ایران کا ایک فوجی طیارہ وسطی شہر اصفہان کے صحرائی علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا،تاہم حادثے میں دونوں پائلٹ محفوظ رہے،ایف 7 لڑاکا طیارہ صحراء حسن آباد کے علاقے جرقویہ میں گر کر تباہ ہوا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جرقویہ کے قائم مقام گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے دونوں پائلٹ معمولی زخمی ہیں اور انہیں اصفہان کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ایرانی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بھی اصفہان میں فوجی لڑاکا طیارہ’’ ایف 7 ‘‘ تباہ ہونے اور حادثے میں دونوں ہوابازوں کے بچ جانے کی تصدیق کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ طیارہ ایک ویران علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں دوران پرواز پیدا ہونے والی فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کی گئی مگر ناکامی پرہوابازوں کو کود کر اپنی جان بچانا پڑی۔