کوئٹہ: بلوچستان میں اعلی الصبح سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہوا جس کے فوراً بعد پولیس اہلکار کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا جس میں بیٹا اور قریبی عزیز جاں بحق جبکہ اہلکار زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں پولیس اہلکار اپنی نجی گاڑی میں بیٹے اور عزیز کے ہمراہ گھر جارہا تھا۔ اسی دوران گھات لگائے ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے کار سوار تینوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں پولیس اہلکار کا بیٹا اور عزیز دم توڑ گئے جبکہ اہلکار شدید زخمی حالت میں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سیکورٹی اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھا کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار جناح ٹاؤن تھانے کا سب انسپکٹر ہے اور انویسٹی گیشن سیکشن میں تعینات ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہےکہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔
Tags کوئٹہ فائرنگ