بالی ووڈ کے سلطان کو گوگل نے بدترین اداکار قرار دیدیا

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو گوگل سرچ انجن نے بدترین اداکار قرار دے دیا۔
سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے بااثر، مقبول ترین اور بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔


لیکن صورتحال خراب اس وقت ہوئی جب بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کو گوگل سرچ انجن نے بدترین اداکار قرار دیا جس پر ان کے پرستار آگ بگولہ ہوگئے۔

ایک صارف نے گوگل سرچ انجن پر ورسٹ بالی وڈ ایکٹر یعنی بالی وڈ کا بدترین اداکار لکھا تو گوگل نے سلمان خان اور ان کی پروفائل نمایاں کی۔ گوگل کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی سلو میاں کے پرستار ٹوئٹر پر بھڑک اٹھے اور لکھا کہ یہ ان کے لئے حیرانی کی بات ہے۔

تاہم اس حوالے سے میڈیا حلقوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے کہ گوگل نے سلمان خان کو ہی کیوں بدترین اداکار قرار دیا۔
ممکنہ طور پر ڈبنگ خان کی عید الفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ریس 3 کو اس کی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
فلم میں سلمان خان کے مدمقابل انیل کپور، بوبی دیول، جیکولین فرنینڈس اور ڈیزی شاہ نے مرکزی کردار کیا ہے جب کہ فلم کی ہدایت کاری ریموڈی سوزا نے سر انجام دی ہے۔