کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کی ازسرنو تحقیقات کیلئے 2 رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے ۔
سپریم کورٹ کے حکم پرسندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ نے 12 مئی کیس کی سماعت کے لئے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل خصوصی 2 رکنی بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔
ہائیکورٹ میں سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت ہوئی تو عدالتی معاونین کی عدم حاضری پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
پولیس نے عدالت میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے مختلف تھانوں میں 12 مئی کیس کی 54 ایف آئی آر درج ہوئیں ۔ عدالت نے پولیس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے 22 جون کو سی سی پی او کراچی اور اے آئی جی لیگل سے تفصیلات طلب کر لیں۔
بنچ نے کہا کہ بتایا جائے کہ ٹرائل کورٹس میں 12 مئی کو مقدمات کی کیا پوزیشن ہے۔
سانحہ 12 مئی کے خلاف دائردرخواست میں سابق صدر پرویز مشرف ، بانی ایم کیوایم ، سابق مشیرداخلہ اور میئر کراچی وسیم اختر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزاراقبال کاظمی نے کہا کہ بارہ مئی 2007 کو پرویز مشرف کے حکم پر سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا راستہ روکنے کیلئے ایم کیوایم نے کراچی میں قتل عام اور دہشت گردی کی جس میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، سانحہ کی ازسرنو تحقیقات کرائی جائے۔