بھارت کا 90پاکستانیوں کو شہریت دینے کا اعلان

 

نئی دہلی: بھارت نے 90پاکستانیوں کو شہریت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تمام افراد پاکستانی ہندو ہیں جو قبل ازیں صوبہ سندھ میں مقیم تھے لیکن حالیہ چند برسوں میں ترک وطن کرکے بھارت منتقل ہو گئے۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ افراد کو بھارتی ریاست گجرات کے ضلع احمد آباد میں شہریت دی جا رہی ہے۔ احمد آباد ضلع پورے بھارت میں ہندوؤں کو شہریت دینے میں سرفہرست ہے جو اب تک 320افراد کو شہریت دے چکا ہے۔ ان میں پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے جانے والے ہندو اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں۔احمد آباد کلیکٹر وکرانت پانڈے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ ان 90ہندوؤں کو پاکستان میں اقلیت کی حیثیت حاصل تھی۔ یہ حالیہ چند برسوں میں ویزے پر بھارت آئے اور یہاں آ کر بھارتی شہریت کی درخواست دی۔ ہم اس سے قبل بھی سینکڑوں پاکستانی ہندوؤں کو شہریت دے چکے ہیں اور انہیں بھی اگلے چند دن میں شہریت دے دی جائے گی۔