مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کمانڈوز فورس تعینات

 

اسلام آباد: مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کے متوالوں کی جدوجہد سے خوف زدہ بھارت کا ایک اور بزدلانہ اقدام سامنے آگیاہے۔ذرائع کے مطابق مقبوضہ وادی میںبھارت نے پولیس، فوج کے بعد کمانڈوزبھی تعینات کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں آزادی کی جدوجہد دبانے کے لیے بھارت نے اسنائپرز، ریڈارز اور جدید اسلحے سے لیس کمانڈوز طلب کرلیے جو جموں کشمیر پہنچ گئےہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کمانڈو فورس کو مقبوضہ کشمیر میں انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
نیشنل سیکورٹی گارڈز کے 2 درجن کمانڈوز سرینگر کے نزدیک ٹریننگ کر رہے ہیں جنہیں سرینگر ایئر پورٹ اور سرحد فورسز کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔بھارتی وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ کمانڈوز کی تعیناتی سے وادی میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان میں کمی ہوگی۔