بغداد:عراقی حکام نے شورش زدہ شہر موصل سے گرفتار کئے گئے 150 داعشی جنگجوؤں کو سنائی گئی سزائے موت پرعمل درآمد کی تیاری مکمل کرلی ہے اور انہیں فنا کے گھاٹ اتارنے کے لیے موصل سے بغداد منتقل کر دیا گیا ہے۔نینویٰ کی پولیس نے بتایا کہ داعش تنظیم کے سزا یافتہ 150 جنگجوؤں کو موصل سے بغداد لے جایا گیا ہے۔عراقی پولیس کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ داعش کے 150 دہشت گردوں کو سخت ترین سیکیورٹی میں موصل سے بغداد منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سزا یافتہ داعشی جنگجوؤں نے دوران تفتیش اور مقدمات کے ٹرائل کے دوران عراق کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، یہ تمام دہشت گرد کئی سال تک عراق میں شہریوں کے قتل عام، لوٹ مار، سیکیورٹی اداروں اور سرکاری املاک پر دہشت گردانہ حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔