میلسی:2بھائیوں اور شوہر کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری پرخوشی میں بھنگڑا ڈالنے والی خاتون کوگرفتار ملزمان کے ساتھیوں نے سرعام قتل کر دیا۔ٹبہ سلطان پور چک 110ڈبلیو بی میں سمیرا خان پٹھانی زوجہ لشکر علی مرحوم گاڑی میں اپنے دو کم سن بچوں سبحان علی اور سبحانہ علی کو مدرسہ میں چھوڑنے جارہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے ہوئے مسلح موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں سمیرا خان پٹھانی ہلاک ہوگئی جبکہ فائرنگ سے گاڑی میں بیٹھی ہوئی کم سن بیٹی سبحانہ علی زخمی ہوگئی ، بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔مسلح افراد کا ٹارگٹ صرف سمیرا خان تھی بچے نہیں، ورثا نے لاش کو ملتان وہاڑی روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ مقتولہ نے خاوند اور بھائیوں کے قاتل کی گرفتاری کی خوشی میں ٹبہ سلطان پور کے چوک عاصم میں ڈھول کی تھاپ پر اپنے دیور کے ہمراہ بھنگڑا بھی ڈالا تھا جس کا ملزمان کودکھ و رنج تھا۔