پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ 2018 میں ایک اور اعزاز مل گیا۔ آج کھیلے جانے والے برازیل اور کوسٹاریکا کے درمیان میچ میں پاکستانی نوجوان احمد رضا ٹاس کرے گا۔
15 سالہ نوجوان احمد رضا کا تعلق پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے ہے اور وہ آج پہلے پاکستانی بن جائیں گے جنہیں عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
عالمی مقابلوں کے لیے گروپ ای میں شامل برازیل اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے مدمقابل ہوں گی۔
مشروبات بنانے والی نجی کمپنی کے تعاون سے احمد رضا روس پہنچے ہیں جن کے والد شبیر احمد سیالکوٹ میں فٹبال بنانے کا کام کرتے ہیں اور ان کا خاندان یہ کام گزشتہ کئی دہائیوں سے کر رہا ہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر صارفین پاکستانی نوجوان کا نام ٹاس کے لیے آنے پر احمد رضا کو مبارکباد کے پیغامات دینے کے علاوہ انہیں خوب سراہ رہے ہیں۔