شاہ سلمان کی طرف سے پاکستانی عوام کیلئے 150 ٹن کھجوروں کا تحفہ

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے150ٹن کجھوروں کا تحفہ اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر سعیدنواف المالکی نے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز کھجوروں کا تحفہ پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر سعید نواف المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اسلامی ممالک خاص کر پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور مالی مدد کرنا اپنا دینی اوراخلاقی فرض سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا سعودی عرب نے اسلامی ممالک خاص کر پاکستان کی مدد کرنے میں کبھی بخل سے کام نہیں لیااور پاکستان کی ہمیشہ غیر مشروط مدد کی ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے پاکستان کے لیے150ٹن کھجوروں کاتحفہ بھجوانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تقریب میں شاہ سلمان ہیو منٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے حکام اورپاکستانی حکام کی طرف سے بریگیڈیئر(ر)ذاکر احمد خان نے شرکت کی۔
سعید نواف المالکی نے مزید کہا سعودی عرب 80 سے زائد ممالک کی مددکررہا ہے اور اپنی کل آمدنی کا 1.9 فیصد انسانی امداد پر بغیر کسی امتیاز کے خرچ کرتا ہے، مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور تحفہ دینے سے آپس میں محبت بڑھتی ہے۔