ریاض:سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیرنے کہاہے کہ اردن کی سپورٹ کے لیے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا منصوبہ باور کراتا ہے کہ مملکت اپنے برادر ممالک کے استحکام کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں الجبیر نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کا اردن کو بحران سے نکالنے کے سلسلے میں مکہ مکرمہ میں اجلاس منعقد کرنے کے واسطے امارات اور کویت کی قیادت کے ساتھ رابطہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب عرب ممالک اور ان کے عوام کو استحکام اور ترقی کی نعمت سے بہرہ مند دیکھنا چاہتا ہے۔ادھر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اردن کے حوالے سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں شاہ سلمان کی بھرپور کوششوں کو گراں قدر سمجھتا ہوں جن کا مقصد عرب یک جہتی کو مضبوط بنانا اور تمام جہتوں میں عرب مواقف کو سپورٹ کرنا ہے۔ السیسی نے برادر ملک اردن کی سپورٹ کیلئے شاہ سلمان کے جذبے کے حوالے سے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔