ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری

ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخاب کےلیے پولنگ کاآغاز ہو گیا ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق شام7بجے تک جاری رہےگی ۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کی تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
ترکی میں ہونے والے انتخابات میں 5 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
صدارتی انتخاب کے لیے رجب طیب اردگان سمیت 6 امیدوار میدان میں ہیں جن میں محرم انجے، میرل ایکسینر، سلاحتین دیمارتس، تیمل، دوگو پرینسک شامل ہیں۔
ترکی کے صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردگان کی جیت کے واضح امکانات ہیں تاہم حزب اختلاف کے رہنما محرم انجے انہیں مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ صدارتی انتخابات میں کسی ایک امیدوار کا 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے، اگرامیدوار یہ ہدف حاصل نہ کرسکا تو پھرزیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان ایک بارپھر8 جولائی کو مقابلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ترکی میں 15 جولائی 2016 کو رجب طیب اردگان کا تختہ الٹنے کی کوشش میں کم سے کم 260 افراد ہلاک اور 2200 افراد زخمی ہوگئے تھے۔