قومی کرکٹر عمر اکمل خراب پرفارمنس اور نظم و ضبط کے مسائل کے باعث کافی عرصے سے قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے مگر اس دوران وہ کئی مرتبہ ایسے بیانات دے چکے ہیں جنہوں نے ان کی مشکلات میں اضافہ ہی کیا اور اب ایک مرتبہ پھر انہوں نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈکپ کے میچوں کے دوران انہیں صرف دو گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔
عمر اکمل نے کہا کہ ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف ہونے والے میچوں میں نہ کھیلنے کے پیسے ملنے کی پیشکش بھی ہوئی لیکن میں نے جواب دیا کہ میں محب وطن ہوں، دوبارے میرے ساتھ ایسی بات مت کرنا۔