ریاض سعودی عرب کے ٹریفک سےمتعلق ادارے نے باور کرایا ہے کہ خواتین کے لیے مملکت میں ڈرائیونگ کے لیے مقرر کردہ تاریخ سے قبل گاڑی چلانےپر 500 سے 900 ریال جرمانہ اور گاڑی کی ضبطی کی سزا ہوسکتی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی جنرل ٹریفک اتھارٹی کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد البسامی نے کہا کہ متعلق حکام ٹریفک قوانین کو ہرصورت میں لاگو کریں گے۔ اگرخواتین مجاز تاریخ سے قبل گاڑی چلاتی پائی جاتی ہیں تو انہیں نوسو ریال تک چالان اور گاڑی بھی ضبط ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ سعودی حکومت نے 24 جون بہ روز اتوار خواتین کو گاڑی چلانے کی سرکاری طورپر اجازت دی ہے مگر اس سے قبل خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی ہے اور ایسا کرنے کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔